حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،عشرۂ بصیرت اور دلوں کے سردار الحاج شہید قاسم سلیمانی کی دوسری برسی اور علامہ مصباح یزدی کے یوم وفات کے موقع پر ایرانی دینی مدارس کے انتظامی مرکز کی جانب سے جاری کردہ بیان کا تفصیلی متن کچھ یوں ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
قُلْ هَذِهِ سَبِیلِی أَدْعُو إِلَی اللَّهِ عَلَی بَصِیرَةٍ أَنَا وَمَنِ اتَّبَعَنِی وَسُبْحَانَ اللَّهِ وَمَا أَنَا مِنَ الْمُشْرِکِین.َ
کہہ دو:یہ میرا راستہ ہے کہ میں اور میرے پیروکار پوری بصیرت سے لوگوں کو خدا کی طرف دعوت دیتے ہیں۔خدا منزہ ہے اور میں مشرکین میں سے نہیں ہوں۔سورۂ مبارکۂ یوسف آیت108
حضرت امام خامنہای مدظله العالی نے فرمایا:«بصیرت سیاسی»یعنی یہ جاننا کہ کون ہمیں کس سمت لے جا رہا ہے۔کیا ہم اسلامی اہداف کی طرف بڑھ رہے ہیں؟یا ہم دشمن کی مرضی کے مطابق بے راہ روی کا شکار ہیں؟
بصیرت،یعنی معاشرے کے واقعات میں حق اور باطل کی تمیز کرنا اور بے راہ روی اور گمراہی کے راستے پر نہ چلنا،لیکن ہمیں معاشرے میں موجود فتنوں اور باطل پر قابو پانے کے لئے پہلے سے زیادہ بصیرت کی ضرورت ہے۔امیرالمؤمنین علی علیہالسلام نے فرمایا:«…وَ لَا یَحْمِلُ هَذَا الْعَلَمَ إِلَّا أَهْلُ الْبَصَرِ وَ الصَّبْرِ وَ الْعِلْمِ بِمَوَاضِعِ الْحَقِّ…»(نہجالبلاغۃ خطبۂ 173).
ایرانی بابصیرت قوم نے 30 دسمبر 2009ءکو انقلاب کے حق میں ایمان،بصیرت اور استقامت کے ساتھ قیام کر کے ایک بار پھر اسلام اور انقلاب کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور ایک عظیم تاریخ کو رقم کردیا اور اس عظیم واقعے میں ایک بار پھر قدرت الٰہی ظاہر ہوئی اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور ہماری بابصیرت قوم نے ملک کو بیرونی دشمنوں اور اندرونی بے بصیرت اور غدار لوگوں کے ہاتھوں تباہ ہونے سے بچایا۔
دلوں کے سردار شہید مقاومت قاسم سلیمانی اور آیۃ اللہ علامہ مصباح یزدی(رح)جیسے صاحب بصیرت نے اپنے علم،بصیرت،استقامت اور جہاد کے نور سے نہ صرف ایران کو بلکہ پوری دنیا کو منور کیا ہے اور آج مکتبِ سلیمانی اور عمارِ انقلاب علامہ مصباح یزدی(رح)کے پاکیزہ افکار دنیا کے تمام مسلمانوں اور آزادی پسند لوگوں کے لئے نمونہ ہیں۔
حوزہ ہائے علمیہ”عشرۂ بصیرت،اسلام کے سردار شہید مقاومت قاسم سلیمانی اور یومِ وفاتِ عمارِ انقلاب علامہ مصباح یزدی رحمۃ اللہ علیہم کی مناسبت سے ایرانی بابصیرت عوام اور دنیا کے تمام مسلمانوں سے تقاضا کرتے ہیں کہ علم،ایمان، بصیرت اور عالمی استکبار کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے جدوجہد کے میدان میں ان دونوں بے نظیر شخصیات کو نمونۂ عمل قرار دیتے ہوئے رہبر معظم انقلاب اسلامی کی امنگوں کی تکمیل اور ایک نئی اسلامی تہذیب کے حصول کے لئے ہر ممکن کوشش سے دریغ نہ کریں۔
مرکز انتظامی حوزه ہائے علمیہ ایران